حالیہ بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کئی گھنٹوں سے جاری بارش نے جل اور تھل کو ایک کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد،

بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا، پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔آج (منگل) رات اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرا نوالہ، گجرات، حافظ آباد، شیخوپورہ اور خطۂ پوٹھوہارمیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات میں برفباری بھی متوقع ہے۔اس کے علاوہ سرگودھا ، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، اوکاڑہ، ساہیوال ،قصور، ننکانہ صاحب ، منڈی بہاؤالدین اور بہاولنگر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، خانیوال، خانپور اور رحیم یار خان میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔کل (بدھ کے روز) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم صبح کےاوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی اور مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، سرگودھا ، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، ساہیوال، خانپور اور رحیم یار خان میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔منگل کی رات اور بدھ کی صبح سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم سکھراورلاڑکانہ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔آج رات خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، ہری پور، صوابی، مردان اور پشاور میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور کشمیر میں منگل کی رات اور بدھ کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج رات اور کل بھی موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close