جنوری کے مہینے میں کہاں کہاں اور کتنی بارشیں اور برفباری ہو گی؟ تفصیلی پیشنگوئی کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)موسم کی ویب سائٹ ویدر بسٹرز پاکستان کے مطابق جدید ترین موسمیاتی ماڈل، ریپڈ ای سی ایم ڈبلیو ایف کی مدد سے Weather Busters Pakistan موسم کا حال نے جنوری 2021 کی یہ ماہانہ پیشگوئی تیّار کی ہے۔اس ماہ مغربی ہواؤں کے 4 سے 6 سلسلے اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ پاکستان بھر میں

ابر آلودگی معمول کے مطابق رہیگی۔ مہینے کے پہلے ہفتے میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے، باالخصوص شمال مشرقی پنجاب اور جنوبی کشمیر میں، جہاں کہیں کہیں گرج چمک کے طوفان بھی بن سکتے ہیں۔ تاہم ماہ کے آخری 3 ہفتوں میں ملک بھر میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔ مجموعی طور پر شمالی پنجاب اور پورے آزاد کشمیر میں بارشیں معمول سے تھوڑا کم جبکہ خیبر پختونخواہ کے زیادہ تر علاقوں میں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ البتّہ پنجاب کے انتہائی جنوب کے مقامات، بلوچستان اور سندھ میں بارشیں معمول سے انتہائی کم رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بلند مقامات پر برفباری معمول سے تھوڑا کم یا معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور بلوچستان میں 6000 فٹ سے بلند مقامات پر برفباری معمول سے انتہائی کم رہنے کی توقع ہے۔ رواں جنوری کے ماہ میں پنجاب اور کشمیر کے پہاڑوں پر 6000 فٹ سے کم بلندی والے علاقوں میں مغربی ہواؤں سے برفباری سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ دسمبر کی طرح جنوری میں بھی درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور کشمیر کے بلند مقامات پر درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم (3 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کم) رہنے کی توقع ہے۔ اس ماہ تاریخی حد تک ٹھنڈے موسمی واقعات رونما ہونے کے امکانات نہیں۔ ہمارے تجزئے کے مطابق گرد آلود دھند یا دھند بننے کے واقعات یکم سے 3 جنوری کے درمیان رونما ہو سکتے ہیں اور پھر دوبارہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان

کے علاقوں میں بار بار شدید دھند/ گرد آلود دھند بننے کی توقع ہے۔ مغربی ہواؤں کے آنے سے کچھ دن قبل پنجاب، شمالی سندھ اور خیبر پختونخواہ کے مشرقی حصّوں میں بڑے پیمانے پر دھند پڑ سکتی ہے۔دھند اور ہوا کے معیار کے متعلّٔق آگاہ رہنے کیلئے ہمراہ ہمراہ رہیں۔ دھند اور ہوا کا معیار سدھرنے یا بگڑنے کی صورت میں ہم وقتاً فوقتاً آپ کو آگاہ رکھیں گے۔ ہوا کا معیار مضّرِ صحت (ایئر کوالٹی انڈکس 200 سے زائد) ہونے کی صورت میں مشرقی پنجاب کی حسّاس آبادی سے درخواست ہے کہ ماسكس پہنیں۔ گھروں میں ایئر پیورفائرز اور کنڈیشنرز کا استعمال کریں تاکہ آلودہ مواد اکٹّھا نہ ہو۔ ہوا کا معیار خراب ہونے کی صورت میں گھروں اور دفاتر میں کھڑکیاں بند رکھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں