سائبیرین ہوائیں ملک میں داخلہ، شدید سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی(پی این آئی) نئے سال کا پہلا دن، کراچی میں شدید سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سائبیرین ہواوں نے شہر کے موسم کو مزید سرد بنا دیا، جمعہ کے روز شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت صرف 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں رواں سال کا آغاز 10 سالہ سردی کا

ریکارڈ ٹوٹنے سے ہوا۔جمعہ کو کا ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت دس سالوں میں کم ترین رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہوائوں نے شہر کے موسم کو مزید سرد بنادیا جس کے باعث جمعہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ اس سے قبل 2014 میں کم سے کم درجہ حرارت 6.5 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جبکہ سال 2011 اور 2020 میں جنوری میں درجہ حرارت 7ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیاتھا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ شہر میں شمالی سمت سے ہوائیں10کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔یہ سرد ہوائیں اتوار تک چلتی رہیں گی۔ جبکہ سال 2021 کا آغاز ہوتے ہی محکمہ موسمیات نے ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں رواں ہفتہ میں بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش برسانے والی شمال مغربی ہوائیں رات گئے لاہور میں داخل ہو چکی ہیں جو بارش برسانے کا سبب بنیں گی جس سے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا بلکہ دھند میں کسی حد تک کمی بھی واقع ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں شہر کا زیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت 18اور کم سے کم 4ڈگری رہنے کا امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close