پاکستان کے کس حصے میں درجہ حرارت منفی ہوگیا ؟ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم میں مزید شدت پیدا ہونے کاامکان

کوئٹہ (این این آئی)وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں موسم شدید سرد ہوگیا ،صوبائی دارالحکومت میںدرجہ حرارت منفی4 اور قلات میں منفی6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع صاف ہونے کے ساتھ موسم سرد اور خشک رہا، صبح

سویرے شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح صوبے کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشکی کی صورتحال برقرار رہی، صبح سویر ے ڑوب میں درجہ حرارت منفی 3، دالبندین میں 1، سبی میں 4 اور خضدار میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب کوئٹہ میں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں رئیسانی ٹاؤن، عارف روڈ، میر احمد خان روڈ، نجم الدین روڈ، کواری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کا پریشر کم ہو گیا۔سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھر، فلیٹس، ہسپتال اور مساجد سرد خانے بن گئے، گیس نہ ہونے کے باعث جہاں خواتین کو کھانا بنانے سمیت امور خانہ داری نمٹانے میں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے وہیں بچوں، خواتین اور معمر افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس پریشر میں کمی کے خلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا شہریوں نے کہا کہ گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کمپریسر کے استعمال پر مجبور کیا جا رہا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق پوری گیس مل رہی ہے۔جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی

کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کی ضرورت کے مطابق 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے تاہم کمپریسر کے استعمال سے کئی علاقوں میں سوئی گیس کی کمی کا مسئلہ ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close