اسلام آباد(پی این آئی) ملکہ کوہسار مری، گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری کے بعد بالائی علاقوں میں ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ملک کے بالائی علاقں ایبٹ آباد، نتھیا گلی، ڈونگا گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں برف باری کا
سلسلہ جاری ہے۔ ان علاقوں میں اب تک ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ سرن ویلی میں بھی برف باری نے مناظر کا روپ بدل دیا ہے۔سیاحتی مقامات شوگراں اور کاغان ویلی میں تین سے چار فٹ تک برف پڑی۔ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ ، شانگلہ اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع شگر اور گردونواح میں رواں موسم کی تیسری برف باری ہوئی۔ آزاد کشمیر میں وادی لیپا میں رات سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید برف باری کے باعث وادی لیپا کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے۔ وادی نیلم میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔دوسری جانب ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے کہا ہے کہ گلیات میں برفباری کے بعد سڑکوں کی بحالی کا آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ترجمان جی ڈی اے نے کہا ہے کہ سیاح دوران برف باری غیر ضروری سفرسے گریز کریں۔ پھسلن کے باعث سڑک بحالی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سیاح دوران سفر تیز رفتاری سے گزیز کریں۔ترجمان جی ڈی اے کے مطابق دوران سفر گاڑیوں کے ساتھ چینز کا استعمال ضرور کریں۔ سیاح صبح اور شام کے اوقات میں سفر نہ کریں۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کی رہنمائی کیلئے کنٹرول روم فعال ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں