نومبر کے ماہ میں ہی شدید ترین سردی کا 27 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کراچی(پی این آئی) کراچی میں نومبر کے ماہ میں ہی شدید ترین سردی کا 27 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر قائد میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت صرف 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 2 روز کے دوران ہونے والی بارش اور ٹھنڈی تیز ہوائوں نے موسم سرد کردیا۔ بتایا

گیا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران تیز ہوائیں شہر کا موسم سرد رکھیں گی ۔کراچی میں 26اور 27 نومبرکو تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہرمیں ہوائیں 16کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتارسے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی 75فیصد ہے۔ 2 روز کی بارشوں کے بعد مغربی سسٹم کراچی سے ختم ہوگیا ہے،تاہم دسمبر کے پہلے ہفتے میں ایک اور مغربی سسٹم آسکتا ہے۔سندھ سمیت کراچی میں دسمبر میں معمول سے زائد بارشیں ہوسکتی ہیں۔ کراچی شہر میں دو سے تین بارش کے اچھے اسپیل نظرآرہے ہیں۔دسمبر میں معمول سے کم درجہ حرارت جبکہ جنوری میں معمول کا درجہ حرارت رہ سکتاہے۔ جبکہ شہر قائد کے گزشتہ 24 گھںٹوں کے موسم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز شہر میں سردی کا 27 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ گزشتہ روز کراچی میں موسم اس قدر سرد تھا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت محض 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل نومبر کے ماہ میں اتنا کم درجہ حرارت 1983 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close