رواں ہفتے کے آخر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگا، پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کی بھی پیشن گوئی

لاہور (پی این آئی) بارش کے امکانات مزید بڑھ گئے، بادل خوب برسیں گے، لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں رواں ہفتے کے آخر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگا، پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کی بھی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم گرما ختم ہونے کے بعد سے اب تک بیشتر علاقوں میں کئی

ہفتوں سے کوئی بارش نہیں ہوئی۔بارش نہ ہونے اور مسلسل خشک موسم کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کے علاوہ فضائی آلودگی میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ کچھ روز قبل ماہرین موسمیات نے رواں ہفتے کے آخر میں کئی علاقوں میں بارش ہونے کی پیشن گوئی کی تھی۔ بتایا گیا تھا کہ رواں ہفتے مغربی ہواوں کا ایک کمزور سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا۔ اس سسٹم کی بدولت خیبرپختونخواہ، گلگلت، کشمیر اور شمالی پنجاب کے علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔گلگت، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران ہفتہ اور اتوار کو بارشوں کا امکان ہے۔ تاہم اب جاری کی گئی تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی علاقوں کی طرح پنجاب میں بھی بارش کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ بادل چھائے رہے جس کے باعث شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔آنے والے ہفتے میں لاہور اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے جبکہ آنے والے دنوں میں لاہور کی فضاء پر بادل چھائے رہیں گے۔ ایسے موسم کی وجہ سے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کا موسم مزید سرد ہو جائے گا۔ جبکہ دوسری جانب گلگلت بلتستان، خیبرپختونخواہ اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close