ماہرین موسمیات کی جانب سے موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) خشک موسم کے طویل سلسلے کے بعد بارش کی پیشن گوئی، رواں ہفتے کے دوران ملک کے شمالی ریجن میں بادل بارش برسائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم گرما ختم ہونے کے بعد سے اب تک بیشتر علاقوں میں کئی ہفتوں سے کوئی بارش نہیں ہوئی۔ بارش نہ ہونے اور مسلسل خشک موسم

کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کے علاوہ فضائی آلودگی میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔تاہم اب ماہرین موسمیات کی جانب سے موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے مغربی ہواوں کا ایک کمزور سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا۔ اس سسٹم کی بدولت خیبرپختونخواہ، گلگلت، کشمیر اور شمالی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی خیبر پختونخوا ، بلوچستان اورکشمیر کے شمالی پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور مکران کے ساحلی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بلوچستان اور کشمیر کے شمالی علاقوں میں سرد رہا۔سب سے کم درجہ حرارت، لہہ منفی 11، سکردو منفی6، گوپس منفی4،قلات منفی 3، گلگت اوراستور میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں