مسلسل چاردن بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب کا شمار دُنیا کے انتہائی گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے، اسی وجہ سے یہاں کے لوگ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کی دُعائیں مانگتے رہتے ہیں۔ عرب ریجن میں گرمی ختم ہونے کے بعد اب بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جس کے باعث مکہ اور مدینہ جیسے گرم ترین مقامات پر بھی موسم

خوشگوار رہنے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خوش خبری دی ہے کہ آج جمعہ کے روز سے لے کر سوموار تک مملکت میں گہرے بادل چھائے رہیں گے جس کے باعث مکہ، مدینہ، باحہ، عسیر، جازان، تبوک، شمالی ریجن، القصیم، الجوف اور الشرقیہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ا س کے علاوہ کئی علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش ہو گی۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ اگلے پورے ہفتے تک بھی جاری رہے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دو روز مکہ مکرمہ اور مسجد الحرام میں بھی خوب گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جس سے مکہ کا گرم موسم خوشگوار ہو گیا اور مسجد الحرام میں اللہ کے گھر کو آئے زائرین بھی خوشی سے نہال ہو گئے۔ مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش کے دوران ہی طواف کیااور دیگر مناسک بھی ادا کیے۔کئی افراد برستی بارش میں سجدہ ریز ہو گئے اور کچھ دعاؤں میں بھی مصروف نظر آئے۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔ چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close