اسلام آباد(پی این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا کمزور سلسلہ ملک کے شمالی اور کچھ وسطی علاقوں پر اثرانداز ہونے کو تیار۔کہیں ہلکی بارش، کہیں ژالہ باری، کہیں برفباری اور کہیں ٹھنڈی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ۔ موسم کی حالیہ صورتحال کے مطابق ملک کے شمالی اور کچھ وسطی علاقوں میں گرج
چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔پنجاب کے شمالی علاقوں جن میں روالپنڈی/اسلام آباد سمیت اٹک، چکوال، گجرخان، چکری، تلہ گنگ کے علاقے شامل ہیں۔ ان میں اتوار کے روز گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران اٹک اور چکوال کے اضلاع میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب اور وسطی پنجاب جس میں لاہور، گجرات، گجرانوالہ، سیالکوٹ، کھاریاں، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ کے علاقے شامل ہیں ان میں بھی تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بارش کے امکانات کم ہیں۔ جنوبی پنجاب میں جس میں ملتان، خانیوال، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازیخان، بہاولپور، وہاڑی، لودھراں، حاصلپور، رحیم یار خان اور صادق آباد کے اضلاع شامل ہیں ان میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں 1-2 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کے درجہ حرارت میں2-3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں جن میں دیر، مالم جبہ، چترال، سوات کے علاقے شامل ہیں ان میں اچھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ وسطی اور جنوبی خیبر پختونخوا جس میں کوہاٹ بنوں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے شامل ہیں۔ ان میں بھی کچھ مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ درجہء حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔ دن کے درجہء حرارت میں2-3 ڈگری اور رات کے درجہء حرارت 3-4 ڈگری کمی کا امکان ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان۔ کشمیر میں بھی چند ایک مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ خصوصاً نیلم، باغ، راولاکوٹ، مظفرآباد۔گلگت بلتستان کی اکثر وادیوں میں بادل چھائے رہیں گے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ 9000 فٹ سے بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان میں بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم وسطی ایشیا سے ٹھنڈی ہوائیں صوبہ بھر میں داخل ہوں گی۔ جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔ سندھ میں بھی اس دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔ تاہم شمالی اور وسطی سندھ میں درجہء حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔ جبکہ جنوبی اور ساحلی سندھ کراچی سمیت دن میں گرمی جبکہ رات میں خوشگوار موسم کا امکان ہے۔ مغربی ہواؤں کے اس سلسلے سے سموگ کی صورتحال بھی کنٹرول میں رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں