موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی

سوات (پی این آئی) وادی سوات کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی ہے۔برفباری کے بعد حسین وادیوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔وادی کالام ، گبرال، مہوڈنڈ، اشو میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے دلکش وادیوں کے حسن کو مزید چار چاند لگا دیئے۔ یخ بستہ ہوا سے سردی کی شدت میں اضافہ

ہوگیا۔بڑی تعداد میں سیاحوں نے بھی حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی علاقوں کالام وغیرہ کا رخ کرلیا ہے۔مقامی لوگوں کی جانب سے برف باری کی ویڈیوز بنا کر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔موسم کی شدت سے بچاؤ کے لیے جہاں لوگ گرم ملبوسات کا استعمال کر رہے ہیں وہی آگ جلا کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے تک بالائی علاقوں میں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔دوسری جانب بتایا گیا کہ پاکستان میں آئندہ موسم سرما کے دوران سردی کی شدت اور دورانیہ کے ریکارڈز ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے کچھ ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان میں موسم سرما کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہوگا۔ جبکہ سردی کی شدت بھی بہت زیادہ ہوگی۔موسم سرما کے دوران کراچی سے لے کر خیبر تک ہر علاقے میں موسم شدید سرد رہے گا۔ریکارڈ توڑ بارشیں اور برفباری ہوگی۔خاص کر ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے کہیں زیادہ برفباری ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت بہت زیادہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ لا لینا نامی موسمی پیٹرن کے ظاہر ہونے کی وجہ سے موسم سرما کے دوران سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔لا لینہ سمندری درجہ حرارت میں اتار چڑھاو کی وجہ سے نمودار ہونے والا ایک موسمی پیٹرن ہے جو ہر چند برس بعد نمودار ہوتا ہے، اس موسمی پیٹرن کی وجہ سے ہی موسم سرما کے دوران برفباری اور بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان میں سردی کی شدت گزشتہ کچھ برسوں کے مقابلے میں زیادہ رہی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close