سردی کی بجائے شدید گرمی، محکمہ موسمیات نے تشویشناک پیشنگوئی کر دی

کراچی (پی این آئی) سردی کی بجائے مزید گرمی کیلئے تیار ہو جائیں، گرمی کی شدید لہر کا الرٹ جاری، محکمہ موسمیات نے سندھ میں پورا ہفتہ گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کر دی، شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں پورا ہفتہ

گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہرقائد سمیت سندھ بھر کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران دن میں 11 بجے سے 4 بجے کے دوران شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران کراچی شہر اور اطراف میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیریںِ سندھ میں آئندہ 5 تا 7 روز موسم کبھی گرم اور کبھی شدید گرم رہے گا، جبکہ گرم موسم کے دوران ہوائیں شمال اور شمال مغرب سے چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو 6 تا 8 دن اثر انداز ہو سکتی ہے، اس دوران شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اشد ضرورت کے تحت نکلتے وقت گیلا رومال، تولیہ ساتھ لے کر چلیں۔محکمہ موسمیات کی ہدایت کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران شہری سر کو ڈھانپ کر رکھیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور بار بار پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو سکے جبکہ بچوں کو اس دوران گھروں سے باہر ہر گز نہ نکلنے دیں۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کے حکام کو ہیٹ ویو سے متعلق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے حوالے سے کہاکہ اس دوران کراچی کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔شہر میں شمال مغرب کی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close