ستمبر 2020 انسانی تاریخ کا سب سے گرم ترین مہینہ قرار،گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

پیرس (پی این آئی) موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن نتائج، گرمی کی تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ستمبر 2020 انسانی تاریخ کا سب سے گرم ترین مہینہ قرار، گزشتہ ماہ درجہ حرارت میں 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گلوبل وارمنگ کی وجہ سے عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن نتائج سامنے آنے لگے

ہیں۔ خلیج ٹائمز میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر میں گرم ترین موسم کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ستمبر 2020 کو انسانی تاریخ کا سب سے گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے۔ جاری تشویش ناک رپورٹ کے مطابق ستمبر 2020 میں ستمبر 2019 کے مقابلے میں صفر عشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ کا تشویش ناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یورپ اور سائیبیریا جیسے ریجن جو سرد موسم کیلئے مشہور ہیں، ان علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے آخری تین ماہ کے دوران بھی موسم سرما کے باوجود درجہ حرارت میں توقع سے کم کمی ہونے کا امکان ہے۔جبکہ گزشتہ 5 سال کے دوران بھی گرمی کی شدت میں تشویش ناک اضافہ ہوا، گزشتہ 5 سال بھی انسانی تاریخ کے سب سے گرم ترین سال قرار دیے گئے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گلوبل وارمنگ اور موحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے پیرس میں 2015 میں ہوئے معاہدے پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں