موسم سرما کی پہلی بارش، مغربی ہوائوں کے سلسلے کی آمد، ژالہ باری نے سردی کی شدت بڑھا دی، مزید بارشوں کی پیشنگوئی

اسلام آباد (پی این آئی) مغربی ہواوں کی آمد کے بعد سردی نے دستک دے دی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ریجن میں مغربی ہواوں کی آمد کے بعد سردی نے دستک دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز وفاقی

دارالحکومت اسلام آباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔اسلام آباد میں جمعہ کے روز کافی دیر تک بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کل شام سے پاکستان کے دیگر کئی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہفتے سے بدھ تک بالائی پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔مغربی ہواوں کی وجہ سے شمالی علاقوں میں موسم سرد ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار سے منگل کے دوران جنوبی پنجاب میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور آندھی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ دوسری جانب ماہرین موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان میں موسم سرما کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہوگا۔ جبکہ سردی کی شدت بھی بہت زیادہ ہوگی۔ موسم سرما کے دوران کراچی سے لے کر خیبر تک ہر علاقے میں موسم شدید سرد رہے گا۔ریکارڈ توڑ بارشیں اور برفباری ہوگی۔ خاص کر ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے کہیں زیادہ برفباری ہونے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت بہت زیادہ ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ لا لینا نامی موسمی پیٹرن کے ظاہر ہونے کی وجہ سے موسم سرما کے دوران سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔ لا لینہ سمندری درجہ حرارت میں اتار چڑھاو کی وجہ سے نمودار ہونے والا ایک موسمی پیٹرن ہے جو ہر چند برس بعد نمودار ہوتا ہے، اس موسمی پیٹرن کی وجہ سے ہی موسم سرما کے دوران برفباری اور بارشوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی پاکستان میں سردی کی شدت گزشتہ کچھ برسوں کے مقابلے میں زیادہ رہی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close