شدید بارشوں کا سلسلہ پنجاب میں داخل۔۔رواں سال موسم سرما کتنا طویل ہو گا؟پیشنگوئیاں کر دی گئیں

لاہور (پی این آئی) بارشوں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہونے کی پیشن گوئی، رواں سال موسم سرما طویل اور 2 ماہ ریکارڈ سردی پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین موسمیات نے لاہور اور پنجاب میں بارشوں کے سلسلے کے داخل ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں نیا سسٹم پنجاب کا

رخ کرے گا، جو لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش برسانے کا موجب بنے گا۔بارشوں کے اس سلسلے کے باعث موسم تبدیل ہو جائے گا، گرمی کی شدت ختم ہو جائے گی۔ تاہم رواں ماہ ستمبر کے آخری ہفتے میں مزید گرمی پڑنے کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر کے آخری ہفتے میں لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ سردیوں کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناصرف رواں سال موسم سرما زیادہ طویل ہوگا، بلکہ موسم سرما کے دوران دسمبر اور جنوری کے مہینوں میں سردی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ہو گی۔دوسری جانب اگلے 24 گھنٹوں کیلئے موسم کی صورتحال کے حوالے سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ جنوبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو زیریں علاقوں میں شدید گرم رہے گا تاہم جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعد دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت 44، شہید بینظیر آباد43 ، دادو، لسبیلہ، سکھراور روہڑی میں42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close