ہلکی بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کر دی

کراچی (پی این آئی) کراچی کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے تاہم کراچی کے چند علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں زیادہ سے

زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ،جبکہ بالائی خیبر پختونخواہ ،بالائی سندھ، مشرقی بلوچستان،گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔سکھر ،لاڑکانہ،شکار پور اور ملحقہ علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم بھارتی گجرات اور ممبئی میں موجود ہے۔اس سسٹم کے باعث مون سون ہوائیں مشرقی سندھ میں داخل ہو گئیں ہیں جو آئندہ 4 سے 5 روز تک موجود رہے گا لیکن اس کی شدت انتہائی کم ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے بیشتراضلاع میںموسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہا۔ترجمان کے مطابق منگل کے روز لاہور میں ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت کم سے کم37ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ39ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصد ریکارڈ کیا گیا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، زیریں سندھ، گلگت بلتستان، بلو چستان اورپنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں مالم جبہ 32، دیر (اپر02، لوئر 02) سندھ میں کراچی ( سرجانی 28، گلشن حدید 14، نارتھ کراچی 03، ناظم آباد، گلستان جوہر، سعدی ٹائون، مٹ کمپلکس کراچی 01)، پنجاب میں نورپورتھل 04 ، گلگت بلتستان میں بگروٹ کے مقام پر 02 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت 44، دادو اور سکھر میں 41 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close