اسلام آباد(پی این آئی):ملک کے کن حصوں میں آج ساون کے بادل برسیں گے، گرج چمک ہو گی؟ گذشتہ روز کہاں کتنی بارش ہوئی؟ ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ وسطی
پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث گرمی اور حبس کی شدت ختم ہو گئی۔ سندھ، کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے جوہر آباد میں 154 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ نور پور تھل میں 126 ملی میٹر، اٹک میں 114 ملی میٹر، سرگودھا میں 93 ملی میٹر، کروڑ لیہ میں 85 ملی میٹر، چکوال میں 87 ملی میٹر، اسلام آباد میں 79 ملی میٹر، بھکر میں 56 ملی میٹر، بہاولپور میں 55 ملی میٹر، ملتان میں 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 176 ملی میٹر، پٹن میں 101 ملی میٹر، ڈی آئی خان میں 78 ملی میٹر، کالام میں 76 ملی میٹر، دیر میں 62 ملی میٹر اور پشاور میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کشمیر کے علاقے مظفر آباد میں 84 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 28 ملی میٹر، کوٹلی میں 09 ملی میٹر اور راولاکوٹ میں 04 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں 34 ملی میٹر، دروش میں 14 ملی میٹر اور استور میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ملک بھر میں بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آ گئی جبکہ دریاؤں کے کنارے واقع کئی دیہاتوں کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر خالی کرا لیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں