رواں ہفتہ کے دوران ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشنگوئی،محکمہ موسیات نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور: (پی این آئی)رواں ہفتہ کے دوران ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشنگوئی،محکمہ موسیات نے الرٹ جاری کر دیا، محکمہ موسمیات نے زیریں سندھ میں اربن فلڈنگ، فلش فلڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مون سون ہوائیں شدت سے رواں ہفتے کے دوران ملک میں داخل ہوں

گی۔محکمہ موسمیات نے منگل کے روز سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔پیر اور منگل کے روز بعد دوپہر لاہور، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اور خطۂ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران بہاولنگر، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم سندھ، پنجاب، کشمیر اور مشرقی بلوچستان میں بارش ہوئی۔ڈپلو 177، مٹھی 76، نگر پارکر 28، اسلام کوٹ 21، کلوئی 20، دھیلی 13، بدین 12، چھاچرو 05، لاہور 07، مظفر آباد 03، اور خضدار میں 09 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی 44، دالبندین، چلاس 43، تربت، روہڑی اور دادو میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ترجمان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون ہوائیں پیر سے بدھ کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں جبکہ منگل سے جمعرات کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں پیر سے منگل تک موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قلات، خضدار اور لسبیلہ کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔بدھ سے جمعرات پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد میں تیز بارش کا خدشہ جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close