کراچی (پی این آئی)کراچی میں شدید حبس اور گرمی کا راج، پھر کیا ہوا؟ جانیئے، کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی ہے، بارش سے قبل شدید حبس اور گرمی سے شہریوں کا برا حال تھا۔ملیر، گلشنِ اقبال، لیاقت آباد، کریم آباد، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا، کارساز، صدر، آرام باغ، آئی آئی چندریگر روڈ،
ایم اے جناح روڈ پر بادل جم کر برسے۔صبح سویرے بارش ہوتے ہی موسم خوش گوار ہو گیا جبکہ حبس اور گرمی سے بے حال شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔جن علاقوں میں بارش نہیں ہوئی ہے وہاں چلچلاتی دھوپ نکلی ہوئی ہے اور لوگ اب بھی گرمی اور حبس کے باعث پسینے میں شرابور ہیں۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 28 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 27 سے 32 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔ادھر اسلام آباد میں بھی آج صبح سویرے سے ہی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔وفاقی درالحکومت میں ایکسپرس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں