لاہور (پی این آئی) مون سون کے طوفانی بادل کراچی کے بعد لاہور کا رخ کرنے کیلئے تیار، مسلسل کئی روز تک موسلادھار بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات نے ہفتے کے 7 دن شہر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 2 روز بعد شروع ہونے والے ہفتے کے 7 دن شہر میں بارشوں کی
پیش گوئی کر دی ہے۔ جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کہ اگلا پورا ہفتہ بارشیں ہونے کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔اگلے ہفتے کے دوران بارشوں کی وجہ سے شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے پہلے سے ہی الرٹ پر ہیں۔ ایک دوسری رپورٹ میں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخواں، بالائی سندھ ، بلوچستان،گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملحقہ علاقوں میں تیزہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محمکہ موسمیات نے کراچی اور حیدرآباد میں اسی دوران ہونے والی بارش کے باعث زیریں علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ، بلوچستان اور کوہ سلیمان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ اور مکران ساحل پر سمندری لہروں کے بلند ہونے کی وجہ سے ماہی گیروں کو گہرے سمندر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت شمال مشرقی پنجاب، کشمیر ،بالائی خیبر پختونخواں،بلوچستان اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش سندھ کے شہرکراچی کی فیصل بیس میں 94 ،سرجانی 72 ، صدر 70، ایم او ایس 68، میٹ کمپلیکس 57، یونیورسٹی روڈ 54،گلشن حدید 52، لانڈھی 44، ناظم آباد، مسرور بیس 39، نارتھ کراچی 33، کیماڑی 22، جناح ٹرمینل 11، شہید بینظیر آباد 47، سکرنڈ 35، حیدر آباد 14، ٹھٹہ 12، بدین، چھور 07، خیبر پختونخواں کے علاقے کاکول 25، بلوچستان میں خضدار 17،اوڑمارہ 06، قلات 03، اور پنجاب کوٹ ادو 02ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں