کراچی(پی این آئی):کراچی میں کل کس علاقے میں کتنی بارش ہوئی؟ سندھ اور بلوچستان میں آج بارش کے کیا امکانات ہیں؟ کس علاقے میں شہری محتاط رہیں؟ شہر قائد میں مون سون کے چوتھے اسپیل کا دوسرا روز ہے، محکمہ موسمیات نے آج بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج شہر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، آج پورا دن وقفے وقفے سے تیز بارش ہوگی، بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا، آج اور کل 100 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں بھی تیز بارش کا امکان ہے، کراچی اور حیدرآباد میں آج اور کل اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بلوچستان میں بارش کے باعث کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، سندھ، مکران کے ساحل پر سمندری لہریں تلاطم خیز رہیں گی، ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔گزشتہ روز کراچی میں مون سون کے چوتھے اسپیل کے دوران کہاں کتنی بارش ہوئی ، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کر دیے، جس کے مطابق پی اے ایف بیس فیصل میں سب سے زیادہ 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔سرجانی ٹاؤن میں 72 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، صدر کے علاقے میں 70 ملی میٹر، ایئر پورٹ اور اطراف 67 اعشاریہ 9 ملی میٹر بارش، یونی ورسٹی روڈ پر 54.4، گلشن حدید میں 52.5 ملی میٹر، لانڈھی میں 43.6 جب کہ ناظم آباد میں 39.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔نارتھ کراچی میں 33.3، کیماڑی میں 22، جناح ٹرمینل پر 11 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں