کراچی میں بارش، کتنے فیصد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی؟ لوگ ساری رات سڑکوں پر پانی میں پھنسے رہے، جو گھر میں تھے وہ حبس کا شکار ہو گئے

کراچی(پی این آئی): شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو گیا اور شہر کے 60 فیصد رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ کراچی کے علاقوں کورنگی، ایف بی ایریا، نیو سعید آباد، گلشن اقبال بلاک 16،15،9،8 میں بجلی کی فراہمی

معطل ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایف بی ایریا اور کے ڈی اے اسکیم 33 میں بجلی بحال کردی گئی ہے، ماڈل کالونی، گلستان جوہر 12، 13 ، لیاقت آباد 2 اور 3 میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی اور سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جائے گی۔خیال رہے کہ کراچی میں رات گئے وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سڑکوں پہ پانی جمع ہے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور نظام زندگی ابتر ہو کر رہ گیا ہے جب کہ بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کومزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ اس طرح پریشان حال لوگوں کی اذیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔بارش کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پہ پانی جمع ہو گیا۔ایم اے جناح روڈ پہ واقع کے ایم سی بلڈنگ کے مرکزی دروازوں پر کم از کم دو فٹ سے زیادہ پانی کھڑا ہوا ہے جو ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کررہا ہے۔ ایم اے جناح روڈ پر ایمبولینس سمیت کئی دیگر گاڑیاں کھڑے ہوئے پانی میں خراب ہو گئی ہیں جنہیں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے اور یا پھر راستے سے ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔شہر قائد میں حسب معمول بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جو رات گئے تک کئی علاقوں میں بحال نہیں ہوسکی تھی۔شاہ فیصل گرین ٹاؤن اور ملحقہ بلاکس میں شام گزشتہ شام سات بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ بھیانی ہائیٹس ابوالحسن اصفہانی روڈ اور مسکن چورنگی گلشن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام چھ بجے سے ان کے علاقے میں بجلی غائب ہے۔گولیمار نمبر ایک کے مکینوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز صبح چھ بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی جو تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے جب کہ ملیر، کاٹھور، گڈاپ، احسن آباد، خواجہ اجمیر نگری، نصرت بھٹو کالونی اورموسیٰ کالونی کے مکینوں نے بھی بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات کی ہیں۔کراچی کے علاقے لیاقت اسکوائر، بسم اللہ چوک، لیاقت مارکیٹ اور اردو نگر کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ وہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں اور کوئی شنوائی بھی نہیں ہو رہی ہے۔ صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے بارش کے بعد درپیش صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزرا اپنے دورے کے دوران لیاقت نیشنل اسپتال اور اس کے اطراف بھی گئے جہاں انہوں نے حالات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اس موقع پرکہا کہ اس مرتبہ بارش کے باوجود صورتحال کنٹرول میں ہے جب کہ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ضلع شرقی کی انتظامیہ نے اس مرتبہ بہتر اقدامات کیے ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں