کراچی(پی این آئی)جمعرات سے ہفتے تک کراچی، حیدرآباد میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان، جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کر دی، ملک کے دیگر کن حصوں میں شدید بارش ہو گی؟محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جمعرات سےہفتے تک کراچی ، حیدرآباد میں
گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی شام یا رات سے خلیج بنگال سے مون سون کا سسٹم سندھ اور جنوبی پنجاب میں داخل ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر جمعرات (شام یا رات) سے ہفتہ تک سندھ ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ داخل ہوں گی۔ جس کے باعث جمعرات کی شام یا رات سے ہفتہ تک کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ ، بدین، تھرپارکر ، عمرکوٹ ، میرپورخاص ، سانگھڑ ، ٹنڈو اللہ یار ، مٹیاری ، ٹنڈو محمد خان ، جامشورو ، دادو اور شہیدبینظیرآباد میں تیز ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی اور حیدرآباد سمیت کہیں کہیں پر موسلادھار بارش کی بھی متوقع ہے جس کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے روز بہاولپور، رحیم یار خان،خیرپور ، سکھر، لاڑکانہ ، قمبر شہداد کوٹ ، جیکب آباد ، کشمور ، گھوٹکی ، قلات ، جعفرآباد ، جھل مگسی ، خضدار ، لسبیلہ اور آواران میں بھی کہیں کہیں پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نےاگرچہ پہلے ہی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے لیکن انتظامیہ کی تیاریوں پر شہریوں نے کئی سوالات اٹھائے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں