بارش کا ایک اور طاقتور سسٹم داخل، پاکستان کا وہ شہر جہاں طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

کراچی (پی این آئی) کراچی میں بارش کا ایک اور طاقتور سسٹم داخل ہونے کی پیشن گوئی، جمعرات سے شہر قائد سمیت حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ، نوابشاہ میں آندھی طوفان کیساتھ موسلادھار بارش ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے ایک اور طاقتور سسٹم کی آمد کی پیشن گوئی کی

گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کل جمعرات کو کراچی میں آندھی طوفان کیساتھ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔اس بارش کے باعث کراچی میں دوبارہ سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ اتوار کے بعد سے ہونے والی بارشوں کے باعث تاحال کراچی کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ جبکہ اب کل دوبارہ موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، میرپور خاص، سانگھڑ، نوابشاہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کو حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کر دی۔بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں بارش کے بعد برساتی پانی کی نکاسی اور کلین اپ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ ہدایات شہر میں شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال، جانی ومالی نقصانات کی اطلاعات پر جاری کی گئی ہیں۔ قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات میں وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو کراچی میں برساتی نالوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو اس مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close