کراچی (پی این آئی) مون سون بارشوں کا اب تک کا سب سے شدید سلسلہ شروع ہونے والا ہے، کراچی اور سندھ میں بارشوں کا نیا سلسلہ 25 جولائی کو شروع ہوگا، اس دوران پہلے 2 اسپیل کے مقابلے میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شہر قائد اور گرد و نواح میں
مون سون کی تیسری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ 24 جولائی کو بھارتی ریاست گجرات میں ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے۔ ہوا کا کم دباؤ بعدازاں مون سون کی بارشوں کا سبب بنے گا۔ مون سون کی تیسری بارش کا سبب بننے والا یہ سلسلہ 25 جولائی کو بھارت سے سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے تحت کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں میں 25 جولائی سے موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔مزید بتایا گیا ہے بارش کا یہ سلسلہ سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔مون سون بارشوں کا یہ اسپیل پہلے 2 اسپیل کے مقابلے میں زیادہ شدید ہو سکتا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مون سون سیزن جولائی سے ستمبر کے درمیان ہوتا ہے، جس کے دوران مزید کئی سلسلے بارش کا سبب بنیں گے۔ دوسری جانب ملک کے دیگر کئی علاقوں میں بھی تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زیریں سندھ، وسطی زیریں بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔یہاں واضح رہے کہ رواں برس مون سون سیزن کے دوران 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ برس بھی توقع سے زیادہ بارشیں ہوئی تھیں، اور رواں برس بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ اسی باعث ملک کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جبکہ شمالی علاقہ جات میں لینڈ سلائڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس تمام صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں