لاہور(پی این آئی):پنجاب کے مختلف شہروں میں ساون کی برکھا چھم چھم برسنے لگی، لاہور، راولپنڈی، مری، جہلم، ملتان، بہاولنگر میں بھی بادل برس پڑے، مزید کن کن شہروں میں رم جھم ہو گی؟ تفصیل جانیئے اس رپورٹ میں، لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری
ہے ، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں کل سے جاری موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور گرمی سے بے حال شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ موسلادھار بارش کے ساتھ تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ راولپنڈی،مری،جہلم، ملتان ، بہاولنگر میں بھی بادل برس پڑے ۔چنیوٹ ،لودھراں اوروہاڑی میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی آگیا ۔بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد میں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کےساتھ بارش اور بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی،مری،جہلم،اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا،خوشاب،نارووال، سیالکوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گجرات ،گوجرانوالہ ، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، لاہور ،قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، اوکاڑہ اور ساہیوال میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ ملتان ، ڈی جی خان ،راجن پور،رحیم یار خان،بہاولپور،بہاولنگر،لیہ اوربھکر میں بھی گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہیگا۔ بارکھان، ژوب،لسبیلہ، موسی خیل ، لورالائی، کوہلو،ا ٓواران اور خضدار میں تیز ہوائوں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد میں تیز ہواؤں /آندھی کے علاوہ بارش کی توقع ہے ۔ کراچی ،تھر پارکر، عمر کوٹ ، میر پورخاص ، بدین اورٹھٹہ میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کے پی میں آج دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،پشاور، چارسدہ،مردان ،میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا،اسلام آباد، پنجاب، مشرقی بلوچستان ، کشمیراورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، آج صبح ریکارڈ کیا گیا بعض بڑے شہروں کا درجہ حرارت اسلام آباداورلاہور 22ڈگری سینٹی گریڈ، کراچی 30، پشاوراورکوئٹہ 25، گلگت 20، مری 15 اورمظفرآباد 21ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔مقبوضہ کشمیر کے بارے میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق سرینگر، جموں، پلوامہ، اننت ناگ شوپیاں ،Lehاور بارہ مولہ میں مطلع جزوی طور پر ابرآلودرہنے اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔ آج صبح سرینگرمیں درجہ حرارت18ڈگری سینٹی گریڈ ،جموں23،Lehآٹھ، اننت ناگ، شوپیاں اورپلوامہ16اوربارہ مولہ میں17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں