مسلسل کتنے روز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا؟موسم کا حال بتانے والوں کی ٹھنڈی ٹھنڈی پیشنگوئی

کراچی (پی این آئی) بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا لیکن جلدی نہیں رکے گا، آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ہے، الرٹ جاری کر دیا گیا، کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں اگلے چند روز مسلسل بارشیں ہوں گی، اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش کے باعث مختلف واقعات میں

5 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سندھ میں مون سون بارشوں کے پہلے سلسلے کا آغاز چکا ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ اس صورتحال میں محکمہ موسمیات نے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آنے کے خدشے کا اظہار بھی کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 8 جولائی تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔جبکہ بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے بارش کو ہیوی رین کہا جا سکتا ہے۔ بارش کے باعث شہر قائد میں پیش آئے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔ کراچی میں کئی علاقوں میں بارش کے بعد بجلی معطل ہوگئی جبکہ سڑکوں پر کھڑے پانی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں سال کراچی میں مون سون کی بارشیں معمول سے 20 فیصد زیادہ ہوں گی۔ کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی رواں برس مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی توقع ہے۔ اس تمام صورتحال میں این ڈی ایم اے نے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close