کراچی(پی این آئی):کراچی والوں کے لیے اچھی اور بری خبر ایک ساتھ ، مون سون کی پہلی بارش 6جولائی کو ہونے کی پیشنگوئی، موسم خوشگوار ہو جائے گا لیکن شہر میں پانی بھی کھڑا ہونے کا خدشہ، محکمۂ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی پہلی بارش پیر 6 جولائی کو ہونے کی نوید سنا دی۔محکمۂ موسمیات کا
کہنا ہے کہ 6 جولائی کی صبح مون سون سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے بعد تھر پارکر، بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور میرپور خاص میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔کراچی میں گرد آلود ہوا اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا آغاز 6 جولائی کی رات سے ہو سکتا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل کے مقابلے میں آج کراچی کا درجۂ حرارت 1 سے 2 ڈگری کم ہونے کا امکان ہے۔6 جولائی کی رات سے 8 جولائی کی صبح تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفرازکے مطابق کراچی میں مون سون بارش سے پہلے آندھی چل سکتی ہے، شہر میں 50 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 7جولائی کو کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے، جبکہ بارش سے اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ اومان کے ساحل کی جانب بڑھ گیا، جس کی وجہ سے کراچی میں آج شام سے معمول کےمطابق سمندری ہوائیں چلیں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہرِ قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں