آج کہاں کہاں بارشیں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان شہریوں کو خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعض مقامات پر بارش بھی ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روزپنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہے گا۔ تاہم سیالکوٹ ، نارووال،

گوجرانوالہ ، لاہور اور گجرات میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران بعد از دوپہرملتان، ڈی جی خان،بھکر اور لیہ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں کل موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم سندھ کے ساحلی علاقوں ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم ایبٹ آباد اور گرد ونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان میں منگل کو بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورشدید گرم رہے گا۔ اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اورخشک جبکہ رات کے اوقات میں جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔کشمیر میں رات کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا ۔

close