کراچی کا موسم بہتر ہونے کا امکان، 12سے 13جون کے بعد کراچی میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے

کراچی (پی این آئی)کراچی کا موسم بہتر ہونے کا امکان، 12سے 13جون کے بعد کراچی میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے،کراچی میں ان دنوں موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ 12 اور 13جون کے بعد ہواؤں میں اضافے کے بعد موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار

سرفراز کے مطابق صبح کے اوقات میں شہر میں ہواؤں کی رفتار میں کمی اور نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 12 سے 13 جون کے بعد شہر میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار میں اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد موسم کچھ بہتر ہو جائے گا۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں مون سون کا آغاز یکم جولائی کے بعد ہوگا، جبکہ سندھ سمیت کراچی میں مون سون میں 20 فیصد زائد بارشوں کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 29 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔کراچی میں جنوب مغرب اور مغربی علاقوں سے 9 سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔ادھر لاہور میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے ساتھ بادل بھی اُمڈ آئے ہیں، شہر کے افق پر چھائی ہوئی سیاہ سرمئی گھٹاؤں نے موسم کوخوش گوار بنا دیا ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں موسم صاف ہے،خوشگوار موسم میں سرسبزوادیاں خوبصورت منظر پیش کر رہی ہیں۔کورونا وائرس کی وباء کے باعث ہوٹل انڈسٹری مکمل بند ہو گئی ہے، جس سے مالکان اور کام کرنےوالوں کو نقصان کا سامنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close