“مریم نواز عیدی اسکیم” کے نام پر شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف سامنے آیا، جس کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو 5,000 روپے عیدی ایزی پیسہ یا جیز کیش کے ذریعے دی جائے گی۔
عید الفطر کے قریب آتے ہی پاکستان میں ایک خطرناک آن لائن اسکیم تیزی سے پھیل رہی ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام کا سہارا لے کر شہریوں سے ان کی ذاتی اور مالی معلومات چوری کی جا رہی ہیں۔
سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر وائرل ہونے والی یہ “عیدی اسکیم” مکمل طور پر جعلی ثابت ہوئی ہے۔
سائبر کرائم ماہرین اور تحقیقات نے بتایا کہ دھوکہ باز ایک نجی ویب سائٹ (govtpunjab.com.pk) استعمال کر رہے ہیں جو دیکھنے میں سرکاری پورٹل جیسی لگتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ ایک پرائیویٹ ڈومین ہے۔
اس اسکیم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو 5,000 روپے عیدی ایزی پیسہ یا جیز کیش کے ذریعے دی جائے گی۔
رجسٹریشن کے نام پر شہریوں سے ان کے شناختی کارڈ نمبر (CNIC)، موبائل نمبر اور ڈیجیٹل والٹ کی تفصیلات مانگی جا رہی ہیں۔
اس ویب سائٹ پر مختلف جوا کھیلنے والی ایپس (جیسے PKRSPIN، S9 Game، اور BK999) کے لنکس موجود ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سائٹ صرف اشتہارات اور ریفرلز سے پیسہ کمانے کے لیے بنائی گئی ہے۔
حکومتِ پنجاب یا کسی بھی معتبر میڈیا ادارے نے ایسی کسی عیدی اسکیم کا اعلان نہیں کیا، سرکاری حکام نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی تمام اسکیمیں صرف آفیشل سرکاری ڈومینز (punjab.gov.pk) پر ہوسٹ کی جاتی ہیں اور کبھی بھی نجی ویب سائٹس کے ذریعے ڈیٹا جمع نہیں کیا جاتا۔
ماہرینِ سیکیورٹی نے خبردار کیا ہے کہ اس جعلی ویب سائٹ پر ڈیٹا فراہم کرنے سے درج ذیل نقصانات ہو سکتے ہیں، آپ کے ایزی پیسہ یا جیز کیش اکاؤنٹ سے رقم نکلوائی جا سکتی ہے اور آپ کا شناختی کارڈ نمبر غیر قانونی سرگرمیوں یا سم سوئیپ فراڈ کے لیے استعمال ہو سکتا ہے جبکہ آپ کے فون پر جعلی میسجز بھیج کر مزید دھوکہ دہی کی جا سکتی ہے۔
کسی بھی غیر مصدقہ لنک پر کلک نہ کریں جو واٹس ایپ یا فیس بک پر موصول ہو یا کسی بھی اسکیم کی تصدیق کے لیے متعلقہ سرکاری محکمے کی آفیشل ویب سائٹ چیک کریں اور اپنی حساس معلومات جیسے CNIC یا بینک پن (PIN) کبھی بھی کسی نامعلوم لنک پر شیئر نہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






