ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کا خدشہ، وزیراعظم کو خط

اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جس پر آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا ہے جس کے باعث پیٹرول پمپس کو مطلوبہ مقدار میں تیل فراہم نہیں کیا جا رہا۔

پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا ہے کہ آرڈرز دینے کے باوجود آئل سپلائی میں تاخیر ہو رہی ہے اور ٹینکرز گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ خط کے مطابق اس صورتحال کے باعث مصنوعی قلت پیدا ہونے سے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی پابندیاں عائد کرنے سے قبل مشاورت کا پابند بنایا جائے۔

پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی فوری طور پر بہتر بنانے کی اپیل بھی کی ہے تاکہ ممکنہ قلت اور عوامی پریشانی سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close