ویزا نظام میں تبدیلیوں کا اعلان

اٹلی نے اپنے ویزا نظام میں بڑی اور اہم تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ درخواست دہندگان کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے 2026 کی دوسری سہ ماہی میں مکمل طور پر ڈیجیٹل ویزا پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا۔

اس اقدام کے بعد اٹلی شینگن زون کے اُن اولین ممالک میں شامل ہو جائے گا جو ویزا کے تمام مراحل کو آن لائن کرنے جا رہے ہیں۔ 25 فروری کو منظرِ عام پر آنے والی تفصیلات کے مطابق یہ نیا ای ویزا پورٹل وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مختصر مدت کے شینگن ویزا اور طویل مدتی قومی (ڈی ٹائپ) پرمٹ کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام کے تحت یکجا کر دیا جائے گا۔

نئے نظام میں درخواست گزار اسمارٹ فارم پُر کریں گے، مطلوبہ دستاویزات آن لائن اپ لوڈ کریں گے اور فیس کی ادائیگی بھی الیکٹرانک طریقے سے کی جائے گی۔ اس سے بار بار معلومات درج کرنے اور کاغذی کارروائی جمع کروانے کی ضرورت ختم ہو جائے گی، جس سے مسافروں اور کارپوریٹ اداروں دونوں کا وقت اور محنت بچے گی۔ البتہ بائیومیٹرک تصدیق اور چہرے کی تصویر کے لیے قونصل خانوں میں حاضری بدستور ضروری ہوگی، تاہم زیادہ تر انتظامی مراحل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیے جائیں گے۔

اسی کے ساتھ اٹلی نے روم کے فیومیسینو اور میلان کے مالپینسا ہوائی اڈوں پر خودکار بارڈر گیٹس کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدامات یورپی یونین کے مجوزہ انٹری ایگزٹ سسٹم اور مستقبل کے یورپی ٹریول انفارمیشن اینڈ آتھورائزیشن سسٹم سے ہم آہنگ کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ نیا نظام ان کمپنیوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو اپنے ملازمین کو اٹلی بھیجتی ہیں، کیونکہ اس سے ویزا پراسیسنگ کا عمل تیز ہوگا۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں مختلف قونصل خانوں میں اس نظام کا نفاذ مختلف رفتار سے ہو سکتا ہے، جس کے باعث کچھ مقامات پر عارضی طور پر پرانا اور نیا نظام ساتھ ساتھ چل سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close