کراچی: دنیا بھر کے مسلمان ماہِ رمضان کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جب کہ پاکستان میں بھی عوام کی نظریں رمضان المبارک کے چاند پر جمی ہوئی ہیں۔ اسی تناظر میں پہلے روزے سے متعلق ایک نئی اور اہم پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔
ماہِ شعبان اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور لوگوں میں یہ جاننے کا اشتیاق بڑھتا جا رہا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند کب نظر آئے گا اور پہلا روزہ کس دن ہوگا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس ماہِ شعبان 29 دن کا ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں رمضان المبارک کا چاند بدھ 18 فروری کو نظر آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جب کہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو گی۔ اگلے روز چاند کی عمر اور موسمی حالات رویت کے لیے سازگار دکھائی دے رہے ہیں، جس سے چاند نظر آنے کے امکانات مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 فروری کو پاکستان کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، اسی بنیاد پر یکم رمضان 19 فروری کو ہونے کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی۔ اس دن سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہو گا، جب کہ چاند 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے، جو رویتِ ہلال کے لیے موزوں وقت تصور کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






