محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا اعلان

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا ہے۔

محسن نقوی نے اکیڈمی، ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا اور زیرِ تربیت افسران کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے زیرِ تربیت افسران سے ملاقات بھی کی اور سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔وزیرِ داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیمِ نو کے حوالے سے اجلاس بھی طلب کر لیا۔اُنہوں نے ماسٹر پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ سے این پی اے کا نیا ماسٹر پلان تیار کروایا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 کروڑ کا چیک جلد این پی اے کے حوالے کر دیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیمِ نو کے کام کو 3 ماہ میں مکمل کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے فی الفور ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرح بہترین افسران تعینات کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close