بشریٰ بی بی کیلئے ایک ساتھ دو بری خبریں

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف دو مقدمات درج کرلیے گئے، متن کے مطابق انہوں نے لوگوں کو ورغلانے کے لیے نفرت انگیز بیان دیا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان کے بعد ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔بشریٰ بی بی کیخلاف ٹیلی گراف ایکٹ1885کےتحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کیخلاف دفعہ126ٹیلی گراف ایکٹ و دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

مذکورہ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے لوگوں کو ورغلانے کے لئے نفرت انگیز بیان دیا۔ متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ویڈیو بیان دیا، سعودی عرب کیخلاف بیان دے کرعوام کے جذبات سے کھیلا گیا۔

ویڈیوبیان میں ملک کی خارجہ پالیسی اور مفاد عامہ کے خلاف بیان دیا گیا، ڈیرہ غازی خان میں مذکورہ مقدمہ غلام یاسین نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔اس کے علاوہ بشریٰ بی بی کیخلاف دوسرا مقدمہ راجن پور میں حاکم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں