آئی ایم ایف نے ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کی مخالفت کردی

اسلام آباد (پی این آئی) آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں شمسی توانائی کے فروغ کی مخالفت کی اور صوبائی سرپلس بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات کا اظہارکیا۔

میڈیا کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے روز بھی مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف نے صوبائی سطح پر گندم خریداری اور سولر پالیسی پر بھی سوالات کئے، آئی ایم ایف نے ملک میں شمسی توانائی کے فروغ کی مخالفت کردی ۔آئی ایم ایف کی جانب سے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایم ایف نے صوبائی سرپلس بجٹ کا ہدف پورا نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ صوبوں میں زرعی آمدن پر ٹیکس اور قومی مالیاتی معاہدے پر مذاکرات کل ہوں گے۔زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کیلئے قانون سازی پہلے پنجاب اور سندھ میں ہوگی۔ آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی تاستمبر صوبائی بجٹ 342 ارب ہدف کے مقابلے 159 ارب 68 کروڑ سرپلس رہا۔

پنجاب کے 160ارب خسارے کی وجہ سے ہدف پورا نہ ہوسکا، مجموعی صوبائی سرپلس ہدف کے مقابلے میں 182ارب روپے کم رہا۔ سندھ کے 131 ارب ، خیبرپختونخواہ 103ارب، بلوچستان کا 85ارب سرپلس رہا۔ آئی ایم ایف نے گندم سپورٹ پرائس دینے کی صوبائی کوششوں کی حوصلہ شکنی کی۔ آئی ایم ایف مشن نے چھوٹے صوبوں میں کم اخراجات پر بھی سوالات اٹھائے۔ پہلی سہ ماہی کے دوران ترقیاتی اخراجات کم رہے اور اگلی سہ ماہی میں اخراجات دگنے ہوجائیں گے۔
گزشتہ روز کے اجلاس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات میں اتفاق پایا کہ کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا اور نہ ہی پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگایا جائےگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں