لاہور ( پی این آئی) حکومت پنجاب نے سکولوں میں فری انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نےصوبے بھر کے سکولوں میں مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لئےسفارشات طلب کر لی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں فری انٹرنیٹ سروس کے لیے مکمل پلان طلب کیا ہے، متعلقہ محکمہ کو سرکاری سکولوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے پلان جلد وزیر اعلیٰ کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لاہور کے 50 مقامات پر مفت وائی فائی سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لاہور میں مفت وائی فائی پائلیٹ پروجیکٹ کے آغاز کو آگے بڑھایا، اس اقدام کا مقصد مختلف عوامی مقامات پر مفت وائی فائی تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ شہری ایک دوسرے سے باآسانی رابطے قائم کرسکیں، اس اقدام کے تحت لاہور میں جلد ہی مجموعی طور پر 516 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت میسر ہوگی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے محکمہ آئی ٹی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ترجیحی طور پر تعلیمی اداروں، ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹینڈز پر بھی انٹرنیٹ کی مفت سروس کا آغاز کریں۔
بتایا جارہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس منصوبے پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے ذریعے عمل درآمد کروایا ہے، پنجاب میں 2016ء میں شہباز شریف کے دورِ حکومت میں بھی لاہور میں فری فائی فائی کی سہولت کا آغاز ہوا تھا، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آتے ہی 2019ء میں یہ سہولت بند کر دی گئی تھی، جس کی وضاحت یہ دی گئی تھی کہ صوبے بھر میں بھاری سالانہ سبسڈی کے باعث پنجاب وائی فائی پروجیکٹ بند کیا گیا ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں