اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، پاسپورٹ کی فیس میں کمی کر دی گئی

دُبئی(پی این آئی) متحدہ عرب امارات مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو خوشیوں بھری خبر سُنا دی گئی۔ کورونا کی اس وبا سے مالی طور پر پریشان پاکستانی کمیونٹی کے لیے پاسپورٹ کی فیس میں اچھی خاصی کمی کر دی گئی ہے۔ پاکستانی حکومت نے سعودیہ، کویت، بحرین اور امارات سمیت درجنوں ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ فیس میں کمی کا اعلان کیا ہے۔پاسپورٹ فیس کی یہ کمی تمام قسم کے پاسپورٹس پر کی گئی ہے۔ کچھ کیٹگریز کے پاسپورٹ کی فیس ماضی کے مقابلے میں تقریباً آدھی کر دی گئی ہے۔ دُبئی میں واقع پاکستانی قونصلیٹ کے مطابق آئندہ سے نیا پاسپورٹ بنوانے یا پرانے پاسپورٹ کی تجدید کروانے والوں سے فیس کی مد میں کم رقم وصول کی جائے گی۔ جبکہ گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ بنوانے کی فیس میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔پاکستانی وزارت داخلہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ سے 36 صفحات کے پانچ سالہ پاسپورٹ کی قیمت 85 درہم ہو گی۔ پہلے اس پاسپورٹ پر 150 درہم وصول کیے جا رہے تھے، اس طرح اس نوعیت کے پاسپورٹ کی قیمت میں 65 درہم کی کمی کی گئی ہے۔ جبکہ 72 صفحات کے پانچ سالہ پاسپورٹ کی فیس گھٹا کر 280درہم کی بجائے 155درہم مقرر کر دی گئی ہے۔ یعنی اس پاسپورٹ پر اب125 درہم کی رعایت ملے گی۔جبکہ 100 صفحات والے پاسپورٹ کی قیمت 300 درہم کی بجائے 170درہم مقرر کی گئی ہے۔ جس پر پہلے کے مقابلے میں 130 درہم کی بچت ہو گی۔دُبئی پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزارت داخلہ کی جانب سے پاسپورٹ فیس میں کمی سے کم آمدنی والے لاکھوں تارکین کو فائدہ ہو گا کیونکہ کورونا وبا کے دوران بیشتر تارکین کی نوکریاں ختم ہو گئی ہیں یا ان کی تنخواہیں گھٹا دی گئی ہیں۔حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی بروقت اور عمدہ ہے۔ اس پریشانی کے دوران میں پاسپورٹ کی فیس میں 25 فیصد سے 45فیصد تک کی کمی خصوصاً کم آمدنی والی پاکستانی لیبر کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہو گی۔ واضح رہے کہ امارات میں سولہ لاکھ سے زائد پاکستانی ملازمت اور کاروبار کر رہے ہیں۔ اس فیصلے پر پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دُبئی میں 10 سال سے رہائش پذیر پاکستانی حسن شوکت نے کہا کہ پاسپورٹ فیس گھٹانا بہت خوش آئند فیصلہ ہے، کیونکہ یو اے ای میں کم آمدنی والے پاکستانی تارکین کے لیے یہ فیس تھوڑی زیادہ تھی، تاہم اب انہیں ریلیف ملے گا۔حکومت پاکستان نے پاکستانی تارکین کو ریلیف دینے کے اپنے پُرانے وعدے کو بالآخر پورا کر دکھایا ہے۔ دُبئی کے ہی بیس سال پُرانے رہائشی شیخ نضم الثاقب کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ فیس کم کرنے سے پاکستانی کمیونٹی کو براہ راست فائدہ ہو گا۔ یہ پاکستانی کثیر زر مبادلہ وطن بھیج کر ملک کے معاشی استحکام اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہیں ریلیف دیا جانا بہت اہم تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close