وزیر اطلاعات سندھ مزار قائد کے سامنے شیعہ لاپتہ افراد کیلئے جاری دھرنے میں پہنچ گئے

کراچی (آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ گزشتہ رات مزار قائد کے سامنے شیعہ لاپتہ افراد کیلئے جاری دھرنے میں پہنچ گئے۔ دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ حیدر عباس ، علامہ مبشر حسن،ناصر حسین شیرازی، علامہ صادق جعفری اور علامہ عقیل موسیٰ و دیگر بھی موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لا پتہ افراد کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بلکل واضح ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھا یا ہے۔ سندھ حکومت آپ کے اس جائز مطالبے پر آپ کے ساتھ ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہو اور سب اپنے اپنے گھروں کو واپس آئیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کے اداروں کو واضح احکامات دیئے ہیں کہ سندھ حکومت کے دسترس میں جو بھی ہے اقدامات کئے جائیں۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم آپ کے جذبات اور احساسات کی قدر کرتے ہیں اور آپ کی تکالیف کا ہمیں احساس ہے۔ دھرنے کیشرکاء سے وعدہ کرتا ہوں کہ سندھ حکومت مسنگ پرسنز کے مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ دھرنے میں بیٹھنے کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کے ایام ہیں ، مائیں، بہنے، بزرگ بیٹھے ہیں۔ بڑی راتیں آنے والی ہیں۔ میری آپ سب سے گذارش ہے کہ دھرنا مؤخرکیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close