کراچی(پی این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو شہریوں کے حساس ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لئے قانون سازی کرنے کا حکم دے دیاہے۔سندھ ہائی کورٹ میں ساڑھے گیارہ کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار طارق منصورایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ 11 کروڑ پاکستانیوں کا حساس ڈیٹا فروخت کیا جا رہا ہے، یہ ڈیٹا ڈرک ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے، حساس ڈیٹا 35 کروڑ روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، اپ لوڈ کئے گئے ڈیٹا میں موبائل صارفین کا شناختی کارڈ نمبر، مکمل ایڈریس فون نمبر و دیگر معلومات شامل ہیں،ابھی تک کوئی نیشنل سائبر پالیسی نہیں، پاکستان میں سائبر کرائم کے چار بڑے واقعات ہو چکے، کوئی مزید بڑا واقعہ ہوگیا تو قانونی تحفظ ہی نہیں ہوگا۔عدالتی استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، دو سے تین ماہ میں مکمل قانون سازی کرلیں گے، قانون سازی کا ڈرافٹ تقریبا تیار کرلیا گیا ہے، قانونی ڈرافٹ کو وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو حساس ڈیٹا سے متعلق قانون سازی کرنے کا حکم دے دیا، عدالت عالیہ نے وفاقی حکومت کو حساس ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لئے قانون سازی سے متعلق جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں