شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والا پولیس افسر گرفتار، کونسے کاغذات برآمد ہوئے؟

کراچی(آن لائن) نارتھ ناظم آباد میں شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کرنے والے مبینہ پولیس افسر کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے قومی رضا کار کارڈ برآمد کرلیا، ملزم خود کو سب انسپکٹر ظاہر کررہا تھا اور اس نے بتایا تھا کہ اسکی ڈیوٹی بلاول ہاؤس میں ہے، موبائل افسر سمیت دو اہلکاروں کو شوکاز

نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر پولیس اہلکار کی شہری سے مبینہ طور پر موٹر سائیکل چھیننے کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرہ شہری نے شور مچایا تو عوام کا رش لگ گیا، جس کی وجہ سے شہری کی موٹرسائیکل چھیننے سے بچ گئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار مبینہ طور پر اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل چھین رہا تھا اور مسلح پولیس اہلکار نے شناخت چھپانے کیلئے نیلا اپر پہن رکھا تھا، شہریوں نے چورنگی پر موجود ٹریفک اہلکار کو بھی مدد کیلئے طلب کیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پولیس اہلکار کا ساتھی نظر آرہا ہے جبکہ متاثرہ شہری بار بار اہلکار کی پستول اور پولیس موٹر سائیکل کی نشاندہی کرتا رہا تھا، پولیس کے مطابق واقعے کی انکوائری کی گئی اور مذکورہ شخص کا ہر جگہ ریکارڈ چیک کیا گیا ، تاہم پولیس ریکارڈ میں وہ شخص کہیں نہیں ملا، تاہم ملزم نے پہلے خود سے یہ بات باور کرانے کی کوشش کی وہ سب انسپکٹر ہے اور بلاول ہاؤس میں تعینات ہے ،تاہم نارتھ ناظم آباد پولیس نے ملزم کامران کو گرفتار کیا اور اسکو چیک کیا گیا تو اسکے پاس سے پی کیو آر کا جعلی کارڈ برآمد ہوا جو دو سال قبل ایکسپائر ہوگیا تھا، ملزم فراڈیہ ہے اور خود کو پولیس افسر ظاہر کر کے جعلسازی کرتا ہے،

ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ جس شخص سے وہ موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کررہا تھا اسکا نام جنید ہے اور اورنگی ٹاؤن کا رہنے والا ہے اور اسکے ساتھ اسکے لین دین کے تنازعے ہیں اس لیے وہ اسکی موٹر سائیکل لینا چاہ رہا تھا، ملزم خود کو پولیس افسر ظاہر کر کے جعلی کاموں میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ موقع پر موجود پولیس موبائل کے افسر اے ایس آئی ستار اور اہلکار نزیر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے کیونکہ ان دونوں نے موقع پر موجود کامران کو حراست میں لیا تھا تاہم اسکی تصدیق کے بغیر اور متعلقہ ایس ایچ او کے علم میں لائے بغیر اس شخص کو جانے دیا تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close