لاہور(پی این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل خان نیازی نے ملاقات کی۔مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کے بیٹے نعیم چانڈیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔خانیوال سی(ن) لیگ کے ایم پی اے فیصل نیازی نے وزیراعلیٰ
عثمان بزدار پر اعتماد کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ہر شہر اور علاقے کا حق ہے، ہم یہ حق ضرور ادا کریں گے۔میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔عوام کے مسائل جو بھی لے کر آئے گا، حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔خانیوال اور مظفرگڑھ کیلئے بھی جلد ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو لمیٹڈ کمپنیاں بنانے کا دور گزر چکا۔ہر ایم پی اے کا حق ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کرے۔شور مچانے والے عناصر پاکستان کی سیاست سے آئوٹ ہو چکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ منفی سیاست کرنے والوں کو عوام نے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے اسمبلی میں نہیں بھیجا۔عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے عوامی نمائندوں کو منتخب کیا ہے۔ترقی دشمن ایجنڈا پاکستان مخالف قوتوں کا ایجنڈا ہے۔فیصل نیازی نے اس موقع پر کہاکہ آپ سے مل کر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے اور آپ جس طرح عوام کی بے لوث خدمت کیلئے سرگرم ہیں، ماضی میں مثال نہیں ملتی۔آپ نے اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکیج دے کر ارکان کے دل جیت لئے ہیں۔فیصل نیازی اور نعیم چانڈیا نے کہا کہ ہمیں آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں