کراچی(پی این آئی) کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچر اور بلدیاتی مسائل پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے مایوسں اور سیاسی جنگ سے اکتائے ہوئے شہریوں نے اپنے مسائل خود حل کرنے کا آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مایوس ہوکر اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں کی استر کاری شروع کردی۔ اس سلسلے میں کمان معروف کرکٹر جاوید میاں داد نے سنبھال لی ہے۔تعلیم و تربیت اور صلاحیتوں کی بہتری کے
لیے سرگرم لومینری لرننگ سرکل فائونڈیشن (ایل ایل سی ایف)نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے نوجوان رضا کاروں اور عام شہریوں کی مدد سے راشد منہاس روڈ پر شفیق موڑ سے سہراب گوٹھ تک سڑک کے گڑھے بھرنے، استرکاری اور فٹ پاتھوں پر رنگ کرنے کا کام شروع کردیا۔ایل ایل سی ایف کی سرپرستی معروف کرکٹر جاوید میاں داد کررہے ہیں اس کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اس فورم کا حصہ ہیں۔ اتوار کے روز استر کاری اور فٹ پاتھ پر رنگ و روغن اور گرین بیلٹ سے کچرا اٹھانے کی مہم میں رضاکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ایل ایل سی ایف کے صدر فاروق احمد خان نے بتایا کہ سڑکوں کی بہتری کی مہم میں فیڈرل بی ایریا اور نارتھ کراچی صنعتی علاقے کی ایسوسی ایشنز اور نجی کمپنیوں کی معاونت بھی حاصل ہے۔ جاوید میاں داد اس مہم کے ذریعے شہریوں میں اپنی مدد آپ کے تحت مسائل خود حل کرنے کا جذبہ اجاگر کرنا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں