کویت(پی این آئی)کویت مقامی نوجوانوں کو روزگار کے فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ سے زائد غیر ملکیوں کو بے روزگار کرے گا، کتنے پاکستانی مزدور متاثر ہوں گے؟کویت نے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 5 لاکھ سے زائد غیر ملکی کارکنوں کو خدا حافظ کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے
لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس پر بہت جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔کویتی خبررساں ادارے کونا کے مطابق وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آبادی میں توازن کی اصلاح سکیم کا جائزہ لیا ہے۔کویتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد کی شروعات غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی بے دخلی سے کی جائےگی۔ اس کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار تارکین کو کویت سے رخصت کیا جائے گا۔ 60 برس سے زیادہ عمر والے کارکنان اور لاعلاج امراض میں مبتلا غیرملکیوں کی بھی چھٹی کی جائے گی۔ ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ حکومت کویت نے اس حوالے سے ایک فیصلہ یہ بھی کیا ہے کہ ناخواندہ کارکنان یا معمولی تعلیم یافتہ غیرملکیوں سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔ ان کی تعداد 90 ہزار سے زیادہ ہے۔ کویتی وزیر سماجی و اقتصادی امور مریم العقیل نے بتایا کہ کویتی آبادی میں حالیہ پندرہ برسو ں کے دوران غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ مقامی شہریوں کی شرح پیدائش 55 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ پندرہ برس کے دوران تارکین وطن کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مریم العقیل نے سرکاری اور نجی اداروں سے کہا ہے کہ وہ ایک لاکھ 60 ہزار اسامیوں پر غیرملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کا تقرر کریں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں