کراچی میں موٹر سائیکل چوروں اور منشیات فروشوں کی شامت آ گئی، دھر لیے گئے

کراچی(پی این آئی)کراچی میں موٹر سائیکل چوروں اور منشیات فروشوں کی شامت آ گئی، دھر لیے گئے، لیاقت آباد اور پی آئی بی میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرکے 2 منشیات فروش گرفتار کرلیے، اے وی ایل سی کا بہادر آباد اور ٹمبر مارکیٹ میں کارروائیاں 7 موٹرسائیکل لفٹرز گرفتار کیے، ناگن چورنگی

کے قریب بیکری میں ڈکیتی کی نیت سے گھسنے والا ڈاکو سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ 2 ساتھی فرار ہوگئے اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے منشیات فروش کو دھرلیا گیا۔پولیس کے مطابق لیاقت آباد انگارہ گوٹھ، الیاس گوٹھ اور پی آئی بی میں میکاسہ اپارٹمنٹ میں رینجرز کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کیاگیا جس کے دوران گھر گھر اور قبرستانوں کی تلاشی بھی لی گئی۔اس دوران مشکوک افراد کے شناختی کوائف کی جانچ پڑتال بھی کی گئی، آپریشن کے دوران پی آئی بی سے 2 منشیات فروش محسن اور مجیب کو بھاری منشیات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ایس ایس پی اے وی ایل سی سرفراز نواز کے مطابق سولجر بازار کے علاقے سے ملزمان نے اسلحہ کےزور پر موٹر سائیکل چھینی، موٹرسائیکل میں ٹریکر لگا ہوا تھا جس کی مدد سے اے وی ایل سی پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا۔بہادر آباد کے علاقے میں ملزمان اور اے وی ایل سی پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد پولیس نےگروہ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان محمد علی،اللہ داد اور مہدی حسن سے سولجر بازار اور گلشن اقبال سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ گرفتار کرلیا۔دوسری کارروائی میں اے وی ایل سی نے ٹمبر مارکیٹ سے 4 موٹرسائیکل لفٹرز کو چوری کی 4 موٹرسائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا۔ناگن چورنگی، بی اماں پارک کے قریب 3 ڈکیتوں نے ایک بیکری میں گھس کر اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تو سیکیورٹی گارڈ نے ملزمان پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا اور 2 فرار ہوگئے۔زخمی ڈاکو اسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا، ہلاک ڈاکو کے قبضے سے پستول، 3گولیوں کے خول اور موٹر سائیکل بھی ملی ہے۔پولیس کے مطابق نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر چرس کے بڑے ڈیلر علی حسن عرف منڈی کو 1 کلو چرس سمیت گرفتارکرلیا گیا ہے۔علی حسن عرف منڈی مختلف علاقوں میں منشیات اسمگل کرتا ہے،ملزم پر نیوکراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں 4مقدمات درج ہیں۔ریسکیو زرائع کے مطابق ملیر، کورنگی اور بھینس کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close