جدہ(پی این آئی)بیوی کے جسم پر کھولتا پانی ڈال دیا، تشدد کرکے گھر سے باہر پھینک دیا، سعودی پولیس نے غیر ملکی شہری کو گرفتار کر لیا۔سعودی پولیس نے بیوی پر وحشیانہ تشدد اور کھولتا ہوا پانی ڈال کر جلانے کے جرم میں شوہر کو گرفتار کرلیا، ملزم نے خاتون کو دھکے کے کر گھر کے باہر سڑک پر پھینک دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے علاقے جازان میں ایک غیر ملکی شہری نے اپنی بیوی کو وحشیانہ تشدد کرکے گھر سے نکال کر سڑک پر پھینک دیا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جازان ریجن کی پولیس نے بتایا ہے کہ بیوی پر تشدد کرنے والے ایشیائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اس نے کھولتے ہوئے پانی سے بیوی کے جسم کو جلا دیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیائی شہری نے اپنی بیوی جو اس کے تین بچوں کی ماں بھی ہے پر انتہائی وحشیانہ تشدد کیا- اس کے جسم پر کھولتا ہوا پانی ڈالا اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ جسم کے مختلف حصوں پر گرم استری بھی لگائی، بیوی کے سر کے بال مونڈے اور آخر میں اسے گھر سے دھکا دے کر سڑک پر پھینک دیا۔پولیس نے ایشیائی شہری سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے، تحقیقاتی کارروائی مکمل کرکے اسے قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا، سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہونے پر ایشیائی تارکین وطن اور سعودی شہریوں میں بھی غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاتون بڑے مشکل حالات سے گزر رہی ہے۔ اس کے پاس رہنے، کھانے پینے تک کا انتظام نہیں۔ تشدد کے باعث اس کا جسم جگہ جگہ سے زخمی اور جھلسا ہوا ہے۔واضح رہے کہ سعودی قانون کے مطابق گھریلو تشدد قانوناً جرم ہے، جس کی سزا ایک سال قید، پچاس ہزار ریال تک جرمانہ مقرر ہے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں