شادی کا جھانسہ، خواتین سے رقمیں بٹورنے والا جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا، معروف ماڈل لڑکے کی تصویر استعمال کی

ممبئی(پی این آئی)شادی کا جھانسہ، خواتین سے رقمیں بٹورنے والا جعلی ڈاکٹر پکڑا گیا، معروف ماڈل لڑکے کی تصویر استعمال کی۔بھارتی فلم کبیر سنگھ کے کردار سے متاثر بھارتی شہری کو جعلی سرجن بن کر خواتین کو شادی کا جھانسہ اور بلیک میل کر کے پیسے بٹورنے کے نتیجے میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔بھارتی

ویب سائٹ ’ این ڈی ٹی وی ‘ کے مطابق بھارتی شہر دہلی کے 31 سالہ رہائشی نے فلم کبیر سنگھ میں شاہد کپور کے آرتھوپیڈک سرجن کے کردار سے متاثر ہو کر ڈیٹنگ ویب سائٹس پر جعلی اکاؤنٹ بنایا جس میں اُس نے خود کی شناخت آرتھوپیڈک سرجن کے طور پر ظاہر کی، ملزم جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے خواتین کو باتوں میں الجھا کر شادی کا جھانسہ دیتا تھا اور اُن کی پرائیویٹ تصایر اور ویڈیوز استعمال کرتے ہوئے انہیں بلیک میل کر کے پیسے بٹورتا تھا۔بھارتی مقامی پولیس کے مطابق ملزم آنند کمار کو اُس کے ساتھی پریام یادیو سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کو ایک متاثرہ ڈاکٹر کی جانب سے ملنے والی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔متاثرہ لڑکی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ ’آنند نے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے اس سے بات چیت کی اور شادی کرنے کا وعدہ بھی کیا ، آنند نے اُسے پرائیویٹ تصاویر اور ویڈیوز لیک کرنے کی دھمکیاں دیں اور اُس سے 30 ہزار روپے بھی لیے۔‘پولیس کے مطابق آنند کمار نے مختلف ڈیٹنگ ویب سائٹس پر جعلی پروفائل بنا رکھی تھی جس میں اُس نے اپنا نام آنند سے بدل کر ڈاکٹر روہیت گجرال اور اپنی شناخت ایک آرتھوپیڈک سرجن کے طور پر بنائی ہوئی تھی ۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( سائبر سیل) انیش رائے کے مطابق ملزم اس سے قبل ایک ایونٹ مینجمنٹ فرم میں کام کر چکا ہے، ملزم کا فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے والے خواہشمند افراد سے ملنا جلنا تھا، ’ ملزم نے اُن میں سے ایک ماڈل کی تصویر استعمال کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹ بنایا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کیا تھا ۔‘انویسٹیگیشن کے دوران ملزم آنند کی جانب سے دیئے گئے بیان کے مطابق ’اُس نے یہ سارہ منصوبہ فلم کبیر سنگھ دیکھنے کے بعد بنایا تھا، وہ لڑکیوں سے ویب سائٹس پر بات چیت کے بعد نمبر مانگتا تھا، اپنی والدہ کی بیماری کا بہانا بنا کر کالز اور ویڈیو کالز کا منع کرتا تھا اور کچھ ہی دنوں میں لڑکیوں کا بھروسہ جیت کر اُن سے شادی کا وعدہ کرتا تھا جبکہ اُنہیں اپنی پرائیویٹ تصویریں اور ویڈیوز بنا کر بھیجنے کو بھی کہتا تھا ۔‘ملزم آنند کمار کے بیان کے مطابق ’وہ یہ سب پچھلے 4 مہینوں سے کر رہا تھا اور بہت سی لڑکیوں کو ایسے ہی پھنسایا تھا، اُن میں سے کچھ لڑکیوں کا سوچنا تھا کہ میں ابھی مصیبت میں ہوں حالات بہتر ہوتے ہی اُن سے شادی کر لوں گا، ایک لڑکی نے میری مدد کے لیے بینک سے 5 لاکھ ادھار لینے کے لیے درخواست بھی دے رکھی تھی۔‘پولیس کے مطابق آنند کمار کو اُس کے جعلی اکاؤنٹ اور اُس کے سہولت کار کے بینک اکاؤنٹ تفصیلات کے ذریعے گرفتار کیا گیا ہے، آنند کے سہولت کار نے اُسے لڑکیوں سے پیسے منگوانے کے لیے اپنا بینک اکاؤنٹ دے رکھا تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close