منشیات فروشی کا الزام، لاہور میں سی آئی اے پولیس نے شہری پر مبینہ تشدد کیا، زبان بھی کاٹ ڈالی

لاہور(پی این آئی)منشیات فروشی کا الزام، لاہور میں سی آئی اے پولیس نے شہری پر مبینہ تشدد کیا، زبان بھی کاٹ ڈالی،لاہور میں سی آئی اے پولیس نے ایک شہری کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں اس کی زبان بھی کاٹ ڈالی۔ شہری آصف کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ سی آئی اے پولیس افسران نے آصف کو

وسن پورہ سے اغواء کیا اور تشدد کے بعد ہربنس پورہ میں سڑک پر پھینک دیا۔ورثا کا کہنا ہے کہ آصف کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات اور ٹانگ پر گہرا زخم ہے، اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔متاثرہ شہری کے ساتھی فرحان سلیمان کے مطابق آصف نے ڈی ایس پی دانش رانجھا، انسپکٹر طارق سجوار، سب انسپکٹرز غلام باری اور مظہر اقبال کے خلاف 3 لاکھ 85 ہزار رشوت کا مقدمہ اینٹی کرپشن میں درج کرا رکھا تھا۔فرحان سلیمان کا کہنا ہے کہ پولیس افسران نے اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسا کر رشوت لی تھی، ایک لاکھ 13 ہزار روپے واپس کیے اور بقیہ رقم کا مطالبہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔دوسری جانب انسپکٹر طارق سجوار کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کو اغوء کیا نہ تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، ہاں اتنا معلوم ہے کہ آصف اور اس کا بھائی منشیات فروش ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close