کراچی کی ابوالاصفہانی روڈ پر دکاندار کی گولی سے مرنے والا ڈاکو برطرف پولیس اہلکار نکلا

کراچی(پی این آئی)کراچی کی ابوالاصفہانی روڈ پر دکاندار کی گولی سے مرنے والا ڈاکو برطرف پولیس اہلکار نکلا،کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ایک کریانہ اسٹور پر ڈکیتی کی واردات کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک ملزم پولیس کا برطرف سپاہی نکلا۔ پولیس ذرائع کے مطابق

ہلاک ملزم کی شناخت تیمور کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کا برطرف سپاہی تھا۔ پولیس کے مطابق تیمور سال 2012 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، مگر بعض مجرمانہ سرگرمیوں کی بنیاد پر اسے محکمہ سے برطرف کردیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ہلاک ملزم تیمور کا تفتیشی افسران کو پہلے سے کرمنل ریکارڈ ملا ہے اور وہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بنیاد پر پہلے گرفتار ہوچکا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون کی مدد سے اس کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ بدھ کی صبح ابوالحسن اصفہانی روڈ پر چیپل گارڈن کے قریب ایک کریانہ اسٹور پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان آئے جن میں سے ایک ملزم نے دکان کے کاؤنٹر کے سامنے کھڑے ہوکر اسلحہ نکال لیا۔ دکاندار کے دیئے گئے بیان کی دکان پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے سو فیصد تصدیق ہو رہی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح دس بجکر 17 منٹ پر ملزمان لوٹ مار شروع کرتے ہیں، اور دوکان کے کاؤنٹر کی دراز سے خود رقم نکالتا ہے، اس دوران دوکاندار کو ملزم پر فائرنگ کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوٹ کاؤنٹر پر بکھر جاتے ہیں اور ملزم گولی لگنے سے گر جاتا ہے اور دوسری گولی نہ مارنے کے لئے دکاندار کی منتیں کرنے لگ جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا تھا۔تاہم وہاں پہنچنے تک ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کے دوسرے ساتھی کو بھی تلاش کر رہی ہے۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ایسے میں شہریوں نے اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنا بھی شروع کر دیا ہے۔ شہریوں کی ڈاکوؤں سے مڈ بھیڑ اور مزاحمت کے واقعات میں کئی شہری بھی ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close